امریکی گلوکارہ کارڈی بی سات سال پرانا 24 ملین ڈالر کا مقدمہ جیت گئیں

امریکی ریپر اور گلوکارہ کارڈی بی نے خواتین سیکیورٹی گارڈز کے خلاف تشدد سے متعلق سات سال پرانے 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقدمے میں کامیابی حاصل کر لی۔

یہ مقدمہ 2018 میں دائر کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ حاملہ کارڈی بی نے ایک زچہ و بچہ کلینک کے باہر سیکیورٹی گارڈز پر جسمانی حملہ کیا تھا۔ تاہم لاس اینجلس سپیریئر کورٹ کی 12 رکنی جیوری نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے 32 سالہ گلوکارہ کے حق میں فیصلہ دیا۔

جیوری کے مطابق سابق سیکیورٹی افسر ایمانی ایلس اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہیں۔ وہ یہ بھی ثابت نہ کر سکیں کہ کارڈی بی نے ان پر تھوکا، خراشیں ڈالیں یا نسلی توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔

سماعت کے دوران ایمانی ایلس نے دعویٰ کیا کہ کارڈی بی نے عمارت میں خلل ڈالا جبکہ کارڈی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ اصل میں سیکیورٹی افسر ہی جارحانہ تھیں اور ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہی تھیں، ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ کارڈی بی نے کہا کہ اُس وقت وہ حاملہ تھیں اور اپنی پرائیویسی چاہتی تھیں۔

فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارڈی بی نے کہا کہ آئندہ کسی بھی غیر ضروری قانونی دعوؤں کے خلاف زیادہ فعال انداز میں ردعمل دیں گی۔ دوسری جانب ایمانی ایلس نے کہا کہ انہیں مقدمہ کرنے پر کوئی پچھتاوا نہیں اور عدالت میں موقف پیش کرنے پر وہ مطمئن ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں