پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم شہید جبکہ سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جمعہ کو ہنگو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ بیان کے مطابق دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھتے تھے۔
فوج کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ایک مسجد میں پناہ لے لی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوئے۔ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع نارووال سے تھا اور وہ کارروائی میں اپنے جوانوں کی قیادت کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ مسلح افراد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
فوج کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹے کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
دوسری جانب سکیورٹی حکام کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں ایک الگ کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر جمیع اللہ کو ہلاک کیا گیا۔ حکام کے مطابق وہ دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث اور کواڈ کاپٹر کا ماہر تھا۔