بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی اچانک موت پر پانچ سال بعد ان کے شوہر اور معروف فلمساز بونی کپور نے چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بونی کپور نے بتایا کہ سری دیوی کو طویل عرصے سے لو بلڈ پریشر کا مسئلہ تھا اور وہ اپنی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت ڈائٹنگ کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سری دیوی نمک کے بغیر کھانا کھاتی تھیں اور اکثر بھوکی رہتی تھیں، جس کے باعث وہ کئی بار بیہوش بھی ہو چکی تھیں۔
بونی کے مطابق، یہی سخت ڈائٹنگ اور بیہوش ہونے کا مسئلہ ان کی اچانک موت کا سبب بنا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز انہیں کریش ڈائٹ سے منع کرتے رہے، لیکن سری دیوی نے اسے جاری رکھا۔
بونی کپور نے انکشاف کیا کہ سری دیوی کی وفات کے بعد دبئی پولیس نے انہیں 24 سے 48 گھنٹے تک حراست میں رکھا، اور اس دوران انہوں نے جھوٹ پکڑنے والی مشین کے ذریعے بھی ٹیسٹ دیے۔ تاہم بعد ازاں دبئی پولیس نے موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی۔
اداکار ناگرجنا نے بھی ایک واقعہ سنایا کہ سری دیوی ایک فلم کے دوران واش روم میں گر گئی تھیں اور ان کے دانت ٹوٹ گئے تھے، جو ان کی خطرناک ڈائٹ کا نتیجہ تھا۔
یہ انکشافات سری دیوی کی موت کے اس پہلو کو مزید واضح کرتے ہیں جو آج تک مداحوں کے لیے ایک معمہ بنا ہوا تھا۔