گزشتہ روز اسپین، پرتگال اور جنوبی فرانس کے کچھ علاقے اچانک تاریکی میں ڈوب گئے۔ بجلی کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر تعطل آیا جس کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ اگرچہ اس کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
اسپین میں ریل سروس چلانے والے ادارے عدیف کے مطابق، بجلی کی بندش کے باعث پورے ملک میں ٹرینیں رک گئیں۔ اسی طرح ہوائی اڈوں کا انتظام دیکھنے والے ادارے اینا کے مطابق ہسپانوی ہوائی اڈوں پر بھی کئی مسائل پیش آئے۔
میڈرڈ اور بارسلونا جیسے بڑے شہروں میں موبائل فون نیٹ ورکس نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں لوگ اپنے فون ہاتھوں میں لیے نیٹ ورک کی تلاش میں سڑکوں پر نکل آئے۔ بہت سے لوگوں کو حالات کی خبریں جاننے کے لیے ریڈیو کا سہارا لینا پڑا۔
شہروں میں ٹریفک سگنلز نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو حادثات سے بچنے کے لیے اپنی رفتار کم کرنی پڑی۔ میٹرو اور ٹرینیں بھی بند ہو گئیں۔ اسپین کے قومی روڈ اتھارٹی ڈی جی ٹی نے ڈرائیوروں سے درخواست کی کہ وہ سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
پرتگال کے ریل آپریٹر کا کہا ہے کہ پورا آئبیرین جزیرہ (جس میں اسپین اور پرتگال شامل ہیں) اور فرانس کا کچھ حصہ اس بجلی کی بندش سے متاثر ہوا ہے۔ یہ بلیک آؤٹ صبح 11 بج کر 33 منٹ پر ہوا۔