بنگلہ دیش اور جاپان نے فوجی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق جاپان کے سفیر سائدہ شنیچی نے ڈھاکا کینٹ میں آرمڈ فورسز ڈویژن کے دفتر میں وزیراعظم کے دفاعی مشیر بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اے کے ایم شمس الاسلام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خاص طور پر فوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جاپان کی جانب سے بنگلہ دیشی مسلح افواج کی جدید کاری اور ملک کے “فورسز گول” کے حصول کے لیے ممکنہ تکنیکی معاونت پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے تربیتی مواقع بڑھانے، فوجی وفود کے باقاعدہ تبادلوں میں اضافہ کرنے اور پیشہ ورانہ و تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں جدید دفاعی آلات اور ٹیکنالوجیز کے تبادلے کے حوالے سے تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ ملاقات بنگلہ دیش اور جاپان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان طویل المدتی، اسٹریٹجک اور باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے میں مدد دے گی۔