بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے گانوں سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نام ہٹا دیا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے اپنے یوٹیوب چینل پر موجود گانوں سے مشہور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نام ہٹا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب پر موجود کئی مقبول گانوں کی تفصیلات اور ٹائٹلز سے عاطف اسلم کا نام غائب کر دیا گیا ہے، حالانکہ ان گانوں میں اب بھی عاطف اسلم کی آواز شامل ہے۔ یہ قدم بھارتی میوزک انڈسٹری کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی پاکستانی فنکاروں پر مختلف پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔ 2016 میں اڑی حملے کے بعد پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی تھی اور اب میوزک کمپنیوں نے بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی فنکاروں کی تصویریں ہٹانا شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ عاطف اسلم بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی سپر ہٹ گانے دے چکے ہیں جنہیں دنیا بھر میں بے حد پسند کیا گیا۔ ان کے مشہور گانوں میں “تیرا ہونے لگا ہوں”، “دل دیاں گلاں”، “پہلی دفعہ”، “بخدا” اور “جینا جینا” شامل ہیں۔
عاطف اسلم کے مداح اس اقدام پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے خلاف سخت ردعمل دے رہے ہیں۔