ممبئی میں بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے اور ابھرتے ہوئے ہدایتکار آریان خان کی نیٹ فلکس سیریز ‘دی بیڈز آف بالی وڈ ‘کی شاندار لانچ تقریب منعقد ہوئی۔ 26 سالہ آریان خان نے اس موقع پر پہلی بار عوام کے سامنے خطاب کیااور سادہ مگر پُراثر گفتگو سے سامعین کے دل جیت لیے۔
اسٹیج پر آتے ہی آریان نے اپنی گھبراہٹ کا اعتراف کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنی تقریر مکمل تیاری کے ساتھ لکھی تھی تاکہ اگر کچھ بھول جائیں تو کاغذ سے مدد لے سکیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر پھر بھی کچھ غلط ہوا تو ان کے والد شاہ رخ خان موجود ہیں۔ آریان نے اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شو کے دوران ہونے والی بے شمار ری ٹیک کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کا مقصد صرف ناظرین کو معیاری تفریح فراہم کرنا ہے۔
‘دی بیڈز آف بالی وڈ’بالی وڈ انڈسٹری کی چمک دمک، شہرت، افسانوں اور پس پردہ کہانیوں پر مبنی ایک ہائی اسٹیک ڈرامیڈی ہے۔ اس میں مرکزی کردار آسمان سنگھ کا ہے جسے اداکار لکشیہ لالوانی نبھا رہے ہیں، جو بالی وڈ کی افراتفری بھری مگر پرکشش دنیا میں اپنی جگہ بنانے کا خواب دیکھتا ہے۔ اس سیریز میں راگھو جویال، بوبی دیول، منیش چوہدری، سہیر بمبا، منوج پہوا، گوتمی کپور، مونا سنگھ اور راجت بیڈی بھی شامل ہیں۔
سیریز میں کئی بڑے ستارے بطور کیمیو بھی نظر آئیں گے جن میں سلمان خان، رنویر سنگھ اور کرن جوہر شامل ہیں، جبکہ خود شاہ رخ خان بھی اپنے بیٹے کے پروجیکٹ میں ایک مختصر کردار ادا کریں گے۔ سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان بھی اس کا حصہ ہیں، اور اطلاعات کے مطابق رنبیر کپور کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔
موسیقی معروف کمپوزر انیرُدھ روی چندر نے ترتیب دی ہے جو کہ شو کی توانائی سے بھرپور کہانی کے مطابق رکھی گئی ہے۔ لانچ ایونٹ میں شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کے پروجیکٹ کے منفرد کرداروں کو متعارف کراتے ہوئے فخر کا اظہار کیا۔ یہ سیریز 18 ستمبر 2025 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔
ٹریلر کے ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر مداحوں نے زبردست ردعمل دیا۔ خاص طور پر وہ منظر جس میں مرکزی کردار آسمان سنگھ جیل میں دکھایا گیا ہے اور ایک پولیس افسر کہتا ہے کہ بعض اوقات شہرت جیل جانے کے بعد ہی ملتی ہے، ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ اسی منظر کے فوراً بعد آریان خان کا بطور رائٹر اور ڈائریکٹر کریڈٹ آنا مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنا۔
مداحوں نے آریان کے ہدایتکاری کے انداز کو سراہتے ہوئے اسے جرات مندانہ اور تخلیقی انتخاب قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے پہلے ہی پروجیکٹ میں شاندار کام کیا ہے۔ نیٹ فلکس پر ریلیز سے قبل ہی ‘دی بیڈز آف بالی وڈ’مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تیار نظر آ رہی ہے۔