جو بھی پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہوگا، اسے ہٹائیں گے، آرمی چیف

اسلام آباد میں ہونے والے پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف آف پاکستان، جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ، جب تک پاکستان کے بہادر عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، فوج ہر آزمائش اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا دوٹوک پیغام دیا کہ، جو بھی پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنے گا، اسے اجتماعی قوت سے دور کیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ، وہ نہ صرف پاکستان کے نمائندے ہیں، بلکہ ایک ایسی روشنی بھی ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن کر چمکتی ہے۔ انہوں نے ‘برین ڈرین’ کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ، درحقیقت یہ ‘برین گین’ ہے، اور اوورسیز پاکستانی اس کی بہترین مثال ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے دہشتگردی کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ، دشمنوں کو یہ خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ، چند دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ، بلوچستان پاکستان کی پہچان اور شان ہے، اور دہشتگردوں کی کئی نسلیں بھی ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔
انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ، ان کی لازوال قربانیوں پر ہمیشہ فخر رہے گا۔ ہم نے ماضی میں بھی کبھی کسی دباؤ یا مشکل کے آگے سر نہیں جھکایا اور آئندہ بھی ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ، ہمارا ہدف پاکستان کو اس مقام تک پہنچانا ہے جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستانیوں کی ہمدردی کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، اور سوال یہ نہیں کہ، ترقی کتنی ہوگی، بلکہ یہ ہے کہ کتنی تیزی سے ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں