پاکستان کی معروف وی جے اور ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے استنبول میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ شادی کی تقریبات ترکیہ میں منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
انوشے اشرف کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز استنبول میں ہوا، جس میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ انسٹاگرام پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشے نے نکاح کے موقع پر سفید رنگ کا خوبصورت جوڑا زیب تن کیا، جبکہ ان کے شوہر شہاب نے بلیو رنگ کا سوٹ پہنا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ انوشے اشرف نے گزشتہ سال 30 جون کو شہاب کے ساتھ نکاح کیا تھا، جو ایک نجی تقریب میں انجام پایا، تاہم اب باقاعدہ شادی کی تقریبات کا انعقاد ترکیہ میں کیا گیا۔ جولائی 2024 میں انہوں نے خاموشی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کی شادی آن لائن تقریب کے ذریعے انجام پائی تھی۔
مہندی کی تقریب میں انوشے اشرف نے پاکستان کے مشہور ڈیزائنر کا تیار کردہ منٹ گرین اور ملٹی کلر فلورل لہنگا پہنا، جس پر سنہری کڑھائی اور نفیس کام ان کے انداز کو مزید جاذبِ نظر بنا رہا تھا۔
مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے انوشے اشرف کو شادی کی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، اور سوشل میڈیا پر انہیں نئی زندگی کے آغاز کے لیے نیک تمنائیں دی جا رہی ہیں۔