بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے اپنے قریبی دوست سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کی باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی کے باوجود بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ اکشے کمار نے کہا ہے کہ سلمان خان ٹائیگر کی اس نسل سے ہے جو زندگی میں کبھی مر نہیں سکتی، اور وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
یاد رہے کہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘، جس کی ہدایتکاری اے آر مروگاداس نے کی ہے، باکس آفس پر خاطر خواہ بزنس نہ کر سکی۔ شائقین نے فلم کے کمزور پلاٹ اور کرداروں کی ادائیگی کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے باعث فلم ’ٹائیگر 3‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسے پچھلے عید بلاک بسٹرز کے مقابلے میں کہیں پیچھے رہ گئی۔
اکشے کمار نے اپنے ردعمل میں سلمان خان کو سراہتے ہوئے کہا، ’’ایسا ہو نہیں سکتا ہے، ٹائیگر زندہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘ ان کے مطابق سلمان خان ان کے قریبی دوست ہیں اور وہ ہمیشہ ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
فلم ’سکندر‘ میں سلمان خان کے ہمراہ رشمیکا مندنا، پرتیک ببر، شرمن جوشی، کاجل اگروال، انجینی دھون، اور ستیہ راج نے بھی اہم کردار ادا کیے۔ دوسری جانب، اکشے کمار خود اپنی نئی فلم ’کیسری چیپٹر 2‘ کی ریلیز کے لیے پرجوش ہیں جو 18 اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم میں اننیا پانڈے اور آر مادھون بھی نمایاں کرداروں میں نظر آئیں گے۔