بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن ایک بار پھر وجے سالگاؤنکر کے کردار میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مقبول ہندی فلم سیریز ’دریشیم‘ کے تیسرے اور آخری حصے ’دریشیم: دی کنکلوژن‘کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو 2 اکتوبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق اجے دیوگن نے فلم کا پہلا پوسٹر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار بھی کہانی کا مرکز وجے سالگاؤنکر اور اس کا خاندان ہوگا۔ فلم کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ پہلی ’دریشیم‘ میں اسی تاریخ کو وجے اور اس کے خاندان نے قتل کے واقعے کو چھپانے کے لیے اپنا مشہور فرضی الائبی تیار کیا تھا۔
’دریشیم: دی کنکلوژن‘ ہندی فرنچائز میں وجے سالگاؤنکر کی کہانی کا آخری باب ہوگی۔ اس سے قبل جاری کیے گئے فلم کے ٹیزر میں بھی اشارہ دیا گیا تھا کہ وجے اپنے خاندان کے تحفظ کے لیے ایک مرتبہ پھر ہر حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔
فلم کی ہدایت کاری ابھیشیک پاٹھک کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے عامل کیان خان اور پرویز شیخ کے ساتھ مل کر فلم کی کہانی بھی لکھی ہے۔ اجے دیوگن کے ساتھ تبو ایک بار پھر آئی جی میرا دیش مکھ اور شریا سرن نندنی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ پرکاش راج اور جے دیپ اہلاوت بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
ہندی ’دریشیم‘ فرنچائز کا آغاز 2015 میں ہوا تھا، جو موہن لال کی اسی نام کی ملیالم فلم کا ہندی ریمیک تھی۔ پہلی فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 110 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کیا، جبکہ 2022 میں ریلیز ہونے والی ’دریشیم 2‘ نے تقریباً 342 کروڑ روپے کمائے۔
اب تیسرے حصے میں ناظرین کو وجے سالگاؤنکر کی کہانی کا اختتام دیکھنے کو ملے گا۔ اسے 2 اکتوبر 2026 کو ریلیز کیا جائے گا۔