افغان حکومت نے امریکی شہری کو انسانی بنیادوں پر رہا کردیا

دو سال کی قید کے بعد ایک امریکی شہری، جارج گلیزمن، کو طالبان نے رہا کر دیا۔ سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، زلمے خلیل زاد نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رہائی ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کے لیے “خیر سگالی کے اشارے” کے طور پر کی گئی ہے۔

خلیل زاد نے اپنے ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ پر لکھا، “آج ایک اچھا دن ہے۔ ہم نے کابل میں دو سال کی قید کے بعد ایک امریکی شہری، جارج گلیزمن کی رہائی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی”۔

طالبان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ “اسلامی امارت افغانستان نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ایک امریکی قیدی، جارج گلیزمن کو رہا کر دیا ہے۔”

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “اسلامی امارت ایک بار پھر اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتی ہے کہ بات چیت، افہام و تفہیم اور سفارت کاری تمام مسائل کے حل کے لیے موثر راستے فراہم کرتے ہیں، امریکی شہری کی رہائی خیر سگالی کے اشارے کے طور پر ہے۔

بیان کے آخر میں، متحدہ عرب امارات اور قطر کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا گیا، جنھوں نے اس رہائی میں سہولت فراہم کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں