پاکستانی فنکاروں کا پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی حملوں کی شدید مذمت

پاکستانی فنکاروں نے بھارت کی جانب سے حالیہ بلااشتعال میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی جوابی کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ فنکار برادری نے واضح کیا کہ وہ ملک، قوم اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں پوری قوم متحد ہے۔

پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے بھارت کے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “رات کی تاریکی میں معصوم جانوں کو نشانہ بنانا کسی بھی مہذب ملک کا شیوہ نہیں۔ ہم اپنی فوج اور عوام کے ساتھ ہیں، اور اس وقت اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔”

اداکار بلال عباس خان نے بھارتی حملے کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “بھارت کی یہ حرکت ایک ذلت آمیز اور کمزور ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستانی قوم ہر صورت میں اپنی سرزمین کی حفاظت کرے گی۔”

بھارتی فلم “صنم تیری قسم” کی اداکارہ ماورا حسین نے کہا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بھی پاکستان کی آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ ہم آزاد ہیں، ورنہ آج ہماری حالت بھی ویسی ہی ہوتی جیسی مقبوضہ علاقوں میں ہے۔”

اداکارہ عروہ حسین نے بھارت کے جھوٹے بیانیے پر کہا کہ “یہ کشیدگی بھارت کی انا کا شاخسانہ ہے۔ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان امن برباد کرنے کی کوشش کہاں سے ہو رہی ہے۔”

اداکار منیب بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان کے خلاف اس جارحیت کو دنیا کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ “ہم امن چاہتے ہیں لیکن کمزوری نہیں۔ دشمن کو یاد رکھنا ہوگا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔”

پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر، جن کے بھارت میں بھی مداحوں کی بڑی تعداد ہے، نے بھارتی حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “معصوموں کو نشانہ بنانا نہایت شرمناک اور بزدلی ہے۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں۔”

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نمایاں چہروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قوم کے وقار، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو سلامِ عقیدت پیش کیا اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نوٹس لے۔

اپنا تبصرہ لکھیں