جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حملے کے بعد پاکستانی اداکار فواد خان کی بھارتی فلم عبیر گلال شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے گانے اور ٹیزر کو یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے، جس کی وجہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مخالفت اور ردِعمل کو قرار دیا جا رہا ہے۔
فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم عبیر گلال کو دھرما پروڈکشن کے بینر تلے ریلیز کیا جانا تھا، لیکن حالیہ کشیدہ حالات نے اس کے مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ بھارت کے مختلف حلقوں میں پاکستانی فنکاروں کی مخالفت ایک بار پھر زور پکڑ چکی ہے، اور اس کا اثر براہِ راست فلم پر پڑا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق فلم کے مشہور گانے خدایا عشق اور انگریجی رنگ رسیا کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نہ صرف گانے بلکہ فلم کا آفیشل ٹیزر بھی دھرما پروڈکشن نے اپنے یوٹیوب اور انسٹاگرام پیجز سے ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
عبیر گلال کی ریلیز کی تاریخ پہلے 9 مئی 2025 مقرر کی گئی تھی، لیکن موجودہ صورت حال کے پیش نظر بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم کی ریلیز کو مؤخر کر دیا جائے گا۔ کشیدگی کے اس ماحول میں فلم کا آگے بڑھنا نہ صرف تخلیقی عمل بلکہ دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کے لیے بھی ایک نازک معاملہ بن چکا ہے۔