بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی تیسری شادی کے بعد مذہب سے متعلق ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ گوری اسپرٹ ہندو نہیں بلکہ عیسائی ہیں۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق عامر خان نے ایک گفتگو میں کہا کہ ان کے خاندان کو مذہبی بنیادوں پر نشانہ بنانا درست نہیں، کیونکہ ان کا خاندان ہمیشہ سے مختلف مذاہب کے افراد کو قبول کرنے والا خاندان رہا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ ان کی دونوں بہنوں کی شادیاں ہندو خاندانوں میں ہوئی ہیں، ان کی بیٹی کی شادی بھی ایک ہندو سے ہوئی ہے، جبکہ ان کے کزن منصور خان کی شادی ایک عیسائی خاتون سے ہوئی ہے۔
اداکار کے مطابق ان کی سابقہ اہلیہ رینا دتہ، کرن راؤ یا موجودہ اہلیہ گوری اسپرٹ میں سے کسی نے بھی اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا۔ عامر خان نے کہا کہ ان کی شادیاں قانونی طریقے سے ہوئیں، اس لیے مذہب تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گوری اسپرٹ ہندو نہیں بلکہ عیسائی ہیں، اور وہ بھی مذہبی طور پر بہت زیادہ پابند عیسائی نہیں ہیں۔ عامر خان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ زندگی مزید مزاحیہ ہوتی جا رہی ہے۔
عامر خان کی گوری اسپرٹ سے شادی کے بعد سوشل میڈیا پر بعض افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تینوں بیویاں ہندو تھیں، اور اس معاملے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
مہاراشٹر کے رہنما نتیش رانے نے بھی عامر خان کی شادی سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے اسے محبت کے بہانے مذہب تبدیلی کے الزام سے جوڑنے کی کوشش کی تھی۔
عامر خان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان میں مختلف مذاہب کے افراد موجود ہیں اور کسی پر مذہب تبدیل کرنے کا دباؤ نہیں ڈالا گیا۔
اسی گفتگو میں عامر خان نے ممبئی میں اپنی رہائشی عمارت کی ازسرِ نو تعمیر سے متعلق خبروں پر بھی وضاحت دی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عامر خان نے ممبئی کی مرینہ رہائشی عمارت میں مزید مکانات خریدے ہیں اور وہ اپنی موجودہ اہلیہ، سابقہ بیویوں، بچوں اور قریبی خاندان کے افراد کے لیے ایک ہی عمارت میں رہائش کا انتظام کر رہے ہیں۔
عامر خان نے ان خبروں کو مبالغہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی عمارت کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ رہائشی سوسائٹی نے کیا ہے، جس میں 24 ارکان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کی کئی پرانی عمارتوں کی طرح ان کی عمارت بھی دوبارہ تعمیر کے مرحلے میں جا رہی ہے، اور وہ اس سوسائٹی کے صرف ایک رکن ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ارا خان ہیں۔
بعد میں عامر خان نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جن سے ان کے بیٹے آزاد راؤ خان ہیں۔ عامر خان اور کرن راؤ نے 202ٍ1 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا، تاہم دونوں اپنے بیٹے کی پرورش مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
اس کے بعد عامر خان نے رواں ماہ گوری اسپرٹ سے شادی کی، جنہیں انہوں نے گزشتہ برس اپنی 60 سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے متعارف کرایا تھا۔