بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان، رندھیر جیسوال نے دعویٰ کیا ہے کہ، ’آپریشن سندور‘ کے تحت کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہی پاکستان کو اس بارے میں اطلاع دی گئی تھی، نہ کہ اس سے پہلے۔
وزارت خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ، جب ہم نے پاکستان پر حملہ کیا، تو اس کے بعد ہم نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے ذریعے پاکستان کو مطلع کیا کہ، ہم نے آپریشن سندور کے تحت جوابی کارروائی کرنے کا اپنا حق استعمال کیا ہے۔ یعنی، یہ اطلاع حملے کے بعد دی گئی۔
رندھیر جیسوال سے یہ سوال اس تناظر میں پوچھا گیا تھا جس میں انڈیا کے وزیر خارجہ، ایس جے شنکر نے قبل از وقت پاکستان کو آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔
یاد رہے کہ، ایس جے شنکر کے اس بیان پر بھارت کی اپوزیشن جماعتوں اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی تھی، جس میں ان کے مؤقف کو مشکوک قرار دیا گیا تھا۔
بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں، جب انڈین وزیر خارجہ کے اس بیان پر پاکستانی فوج کے ترجمان، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے ردعمل مانگا گیا، تو انہوں نے کہاکہ، یہ انڈین میڈیا کی طرف سے پھیلایا جانے والا ایک مزاحیہ بیانیہ ہے، اور حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔