خضدار حملہ: ہم پاکستان کے ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو تشدد کا خاتمہ چاہتے ہیں، امریکی ناظم الامور

پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے ہولناک حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوئے۔

بدھ کے روز پیش آنے والے اس سانحے کے بعد جاری کردہ اپنے بیان میں نیٹلی بیکر نے کہا کہ ،ہم خضدار، بلوچستان میں اسکول بس پر ہونے والے سفاکانہ اور بے رحمانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے رہنماؤں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ،معصوم بچوں کا قتل ناقابل تصور اور دل دہلا دینے والا ہے۔ ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

نیٹلی بیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ،کسی بھی بچے کو اسکول جاتے وقت خوف کے سائے میں نہیں جینا چاہیے۔ ہم پاکستان میں اُن تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔

واضح رہے کہ، یہ افسوسناک واقعہ خضدار میں بدھ کی صبح پیش آیا، جب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی خاندان صف ماتم بن گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں