جاپان سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ نوجوان غیر معمولی طبی مسئلے کا شکار ہو گیا، جس کی وجہ اس کی موبائل فون کی عادت بنی۔ نوجوان گھنٹوں تک فون پر جھکا رہتا تھا اور زیادہ تر وقت گیم کھیلنے میں مصروف رہتا، جس کا نتیجہ ایک خطرناک جسمانی خرابی کی صورت میں سامنے آیا۔
طبی جریدے JOS Case Reports میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق نوجوان کی گردن کے پچھلے حصے میں ایک نوکیلا ابھار بن گیا تھا، جس کے باعث وہ اپنی گردن سیدھی کرنے یا سر اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔ حالت یہاں تک بگڑ گئی کہ وہ کھانا نگلنے میں بھی دشواری محسوس کرنے لگا، اور اس کے نتیجے میں اس کا وزن تیزی سے کم ہونے لگا۔
جب اُس نے طبی مدد حاصل کی، تو معالجین نے بتایا کہ گردن کو مسلسل نیچے جھکائے رکھنے کی وجہ سے اس کے گردن کے پٹھے انتہائی کمزور ہو چکے ہیں اور غیر فطری انداز میں جم چکے ہیں۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے طرزِ زندگی — یعنی طویل وقت تک فون یا سکرین کی طرف جھک کر بیٹھنا — نہ صرف جسمانی درد بلکہ شدید ساختی تبدیلیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
یہ واقعہ نوجوانوں اور ہر اس فرد کے لیے ایک وارننگ ہے جو دن کا بڑا حصہ موبائل فون یا سکرین پر جھکے رہ کر گزارتے ہیں۔ وقت پر احتیاط نہ کی گئی تو اس کے نتائج نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔