سمندری حیات، زیرِ آب پہاڑوں اور ملبے کی ممکنہ حیرت انگیز دریافتوں کی توقع
زیرِ سمندر کی دنیا کے بارے میں جاننے کے شوقین افراد کے لیے ایک خوشخبری ہے. رواں ہفتے امریکا میں گہرے سمندر کی ایک اہم سائنسی مہم کو براہِ راست نشر کیا جائے گا، جس کے ذریعے عوام کو پانی کے اندر ہونے والی حیرت انگیز دریافتوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔
ذرائع کے مطابق، یہ مہم ریمورٹ کنٹرولڈ گاڑیوں (ROVs) کے ذریعے انجام دی جائے گی، جو امریکی ریاست ہوائی سے دور واقع، نامعلوم پانیوں کی گہرائی میں کیمرے لے جا کر تحقیق کریں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں یہ مہم کی جائے گی، ان میں سے بیشتر کا پہلے کبھی بھی بصری سروے نہیں کیا گیا۔ اس تحقیق کے دوران نامعلوم سمندری مخلوقات، زیرِ آب پہاڑ، پرانے جہازوں کے ملبے اور دیگر ان گنت حیرت انگیز چیزوں کی دریافت ممکن ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس مہم کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات نہ صرف عوامی شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی بلکہ زیرِ آب ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات کو سمجھنے میں بھی مدد دیں گی۔ یہ تحقیق ماہرین کو زیرِ آب دنیا کے ان وسیع اور اب تک غیر دریافت شدہ علاقوں کے بارے میں بصیرت افروز فیصلے کرنے کے قابل بنائے گی۔
یہ براہِ راست نشریات عوام کو سمندر کی پراسرار دنیا سے جوڑنے اور سائنسی عمل کو شفاف انداز میں پیش کرنے کی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔