شادی کی تصویر بنانا خوفناک حادثہ بن گیا، دلہن کے جھلسنے کی ویڈیو وائرل

بھارت میں ایک شادی کی تقریب اس وقت خوفناک حادثے میں بدل گئی جب تصویر بنانے کے دوران رنگ بھرا بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دلہن کی کمر اور بال جھلس گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں حادثے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں مقیم بھارتی نژاد جوڑے وکی اور پیا نے اپنی شادی کی تقریبات کے لیے بھارت کا رخ کیا تھا، لیکن ان کے لیے یہ خوشی کا موقع ایک غیر متوقع حادثے کی نذر ہوگیا۔ شادی کے دوران جب جوڑے نے رنگین دھماکے والے آلے (کلر بم) کا استعمال کیا، تو وہ اچانک خراب ہوگیا اور دلہن کو براہ راست جا لگا، جس سے وہ جھلس گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی دلہا نے دلہن کو اٹھایا، کلر بم زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور آگ کے شعلے دلہن کے کپڑوں اور بالوں کو لپیٹ میں لے گئے۔ دلہن کی پیٹھ پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں جھلسنے کا علاج کروایا گیا۔ حیران کن طور پر، ابتدائی طبی امداد کے بعد دلہن ولیمہ میں شریک بھی ہوئی۔

جوڑے نے اس حادثے کے بارے میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ارادہ صرف ایک شاندار تصویر بنانے کا تھا، جس میں پس منظر میں خوبصورت رنگ بکھرے ہوں، لیکن آلہ خراب ہوگیا اور حادثہ پیش آگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے بچے بھی اس وقت ساتھ ہوتے، تو وہ بھی اس حادثے کا شکار ہوسکتے تھے۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اسے 22 ملین سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے، اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ صارفین نے دلہن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ کچھ نے تقریب کے آرگنائزرز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حفاظتی اقدامات کی کمی کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔

ایک صارف نے لکھا: “یہ بہت افسوسناک ہے۔ آپ کے خاص دن پر ایسا واقعہ کسی کے لیے بھی تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ جلد صحت یاب ہوں!” جبکہ دوسرے صارف نے خبردار کیا: “کلر بم جیسے پٹاخے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، ان کے استعمال میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔”

جوڑے نے اپنی پوسٹ میں اس حادثے سے سبق لیتے ہوئے دوسروں کو خبردار کیا کہ “چاہے آپ نظرِ بد پر یقین رکھتے ہوں یا نہ رکھتے ہوں، ہم اب یقین رکھتے ہیں!”

اپنا تبصرہ لکھیں