پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں ملک میں بے روزگار افراد کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2021 کے سروے کے مطابق ملک میں 45 لاکھ 10 ہزار افراد بے روزگار ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں احسن اقبال نے وقفہ سوالات کے جواب میں بتایا کہ بے روزگار افراد کی اصل تعداد کے تعین کے لیے 2021 کے بعد کوئی سروے نہیں ہوا۔ 2021 کے سروے کے مطابق بے روزگاری کی شرح 6.3 فیصد ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں ملازمت کرنے والی افرادی قوت 6 کروڑ 72 لاکھ افراد ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے ہنر مندی کی تربیت پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی کا ہال پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کے لیے استعمال کرنے کی تحریک پیش کی، جسے منظور کر لیا گیا۔