پاکستان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور میں مسجد کے قریب دھماکہ، مفتی منیر شاکر جاں بحق

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت، پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں واقع ایک مسجد کے قریب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) دھماکے میں ممتاز عالم دین، مفتی منیر شاکر جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال کے ترجمان نے مفتی منیر شاکر کی شہادت کی تصدیق کی۔ ترجمان کے مطابق، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) کے مطابق، دھماکا دیسی ساختہ تھا، اور ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ، یہ ایک منظم کارروائی تھی۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے افسران بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں، اور دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ محرکات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ادھر، مشیر صحت خیبرپختونخوا، احتشام علی نے مفتی منیر شاکر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، یہ واقعہ نہ صرف ان کے اہل خانہ، بلکہ پوری قوم کے لیے افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق، مفتی منیر شاکر کو شدید زخمی حالت میں ایل آر ایچ منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
یہ دھماکا ایسے وقت میں ہوا جب خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ آج ہی صوبے کے دو اضلاع، لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردوں نے چار مختلف پولیس اسٹیشنز پر حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے انہیں ناکام بنا دیا۔ ان حملوں میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، مگر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پشاور دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ادارے اس واقعے کے پسِ پردہ محرکات اور ممکنہ منصوبہ سازوں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں