وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مستحق اور نادار افراد کے لیے جلد مفت زمین اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں ہاؤسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جن افراد کے پاس زمین خریدنے کے وسائل نہیں ہیں، انہیں 3 مرلے کے مفت پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ‘اپنا گھر اپنی چھت’ اسکیم دنیا کی بہترین ہاؤسنگ اسکیم ہے، جس کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود آسان قرض بھی دیا جائے گا۔ مریم نواز نے یقین دلایا کہ کوئی بھی اسکیم یا اسکالرشپ میرٹ سے ہٹ کر نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جیسے انہوں نے اپنے ڈی سیز، کمشنرز اور پولیس کے لیے پرفارمنس انڈیکیٹرز بنائے ہیں، ویسے ہی نواز شریف نے ان کے لیے بھی پرفارمنس انڈیکیٹرز بنائے ہیں، اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر ان کا جواب دینا ہوتا ہے۔