ایرانی ہلال احمر نے امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بدترین آگ پر قابو پانے کے لیے امداد کی پیشکش کی ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق، ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹ کو خط میں امدادی ٹیمیں اور ریسکیو سامان بھیجنے کی پیشکش کی۔
پیر حسین کولیوند نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے وسیع تجربے کے باعث ایرانی ہلال احمر فوری طور پر خصوصی ریپڈ ایکشن ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں امریکی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ لاس اینجلس میں منگل سے لگی اس شدید آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، آگ سے اب تک 16 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی اور 13 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق، 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، 1100 سے زائد فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔