وزیراعظم شہباز شریف فروری کے تیسرے ہفتے میں آذربائیجان اور ازبکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے کراچی پورٹ کے استعمال کی تجویز پیش کریں گے۔
“دی نیوز انٹرنیشنل” کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اپنی “وژن سینٹرل ایشیا” پالیسی کے تحت وسطی ایشیائی ریاستوں اور قفقاز کے اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کر رہا ہے۔ دو روزہ دورے کے دوران، شہباز شریف ازبکستان کے ساتھ اہم تجارتی معاہدے کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، دیگر وزراء اور کاروباری برادری کے نمائندے بھی ہوں گے۔ اس کے علاوہ، شہباز شریف کا دورۂ باکو صدر الہام علییف کی دعوت پر ہو رہا ہے، جہاں کئی معاشی معاہدے طے پانے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل ستمبر 2022 میں ازبکستان کا دورہ کیا تھا۔ 15-16 ستمبر 2022 کو وہ سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔