بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے سکیورٹی خدشات اور کنسرٹ منسوخ ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 15 نومبر کو مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں طے شدہ پروگرام کے مطابق پرفارم کریں گے۔ انہوں نے انسٹاگرام لائیو سیشن میں مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ کسی صورت اپنا پروگرام منسوخ نہیں کر رہے۔
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ وہ 15 نومبر کو 101 فیصد اندور پہنچیں گے اور وہاں سب سے پہلے شہر کا مشہور کھانا پوہا کھائیں گے، جس کے بعد کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔ انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ منسوخی سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں اور ان کے وعدے پر بھروسا رکھیں۔
اس کنسرٹ کے حوالے سے سکیورٹی خدشات اس وقت سامنے آئے جب اندور کے تین اسکولوں اور میئر سیکریٹریٹ کو بم دھماکوں کی دھمکیوں پر مشتمل ای میلز موصول ہوئیں۔ ان پیغامات میں دلجیت دوسانجھ کے 15 نومبر کے کنسرٹ کا بھی حوالہ دیا گیا تھا۔ پولیس نے اسکولوں کی تلاشی لی، تاہم وہاں کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔ واقعے کی تحقیقات سائبر کرائم حکام کر رہے ہیں۔
10 نومبر کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے گوالیار بینچ کو بھی ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں عدالت کی عمارت کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کے ساتھ دلجیت کے کنسرٹ کا ذکر بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق عدالتی عمارت کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ای میل بھیجنے والے کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
کنسرٹ کو ایک اور تنازع کا سامنا بھی ہے۔ محکمہ تحفظِ اطفال نے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ دلجیت دوسانجھ کے چار گانے ’’پٹیالہ پیگ‘‘، ’’فائیو تارا‘‘، ’’جیب وچوں افیم‘‘ اور ’’جٹ فائر کردا‘‘ کنسرٹ میں پیش نہ کیے جائیں۔ حکام کے مطابق ان گانوں میں شراب، منشیات اور ہتھیاروں کی تعریف سے متعلق مواد بچوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ یہ ہدایات اس لیے بھی دی گئی ہیں کہ کنسرٹ میں پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں کو شرکت کی اجازت ہے۔
دلجیت دوسانجھ کا اندور میں ہونے والا کنسرٹ ان کے ’’اورا انڈیا ٹور‘‘ کا حصہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 30 اکتوبر کو نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں پرفارم کیا تھا، جہاں بھی سکیورٹی انتظامات اور اجازت ناموں کے حوالے سے مشکلات سامنے آئی تھیں۔ منتظمین نے اضافی سکیورٹی اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ پیش کرنے کے بعد پروگرام منعقد کیا تھا۔