امریکا کی ریاست ٹیکساس میں صومالی نژاد برطانوی باکسر رملہ علی نے اپنے کیریئر کی اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار عالمی چیمپئن شپ کے دو ٹائٹل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے 8 نومبر کو آرلنگٹن میں ہونے والے مقابلے میں امریکی باکسر میکایا کریپس کو دس راؤنڈز کے بعد ججوں کے منقسم فیصلے سے شکست دی اور جونیئر فیدر ویٹ کیٹیگری میں ڈبلیو بی او (WBO) اور آئی بی ایف (IBF) کے عالمی اعزازات حاصل کیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقابلہ انتہائی سخت رہا اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف بھرپور کھیل پیش کیا۔ تیسرے راؤنڈ میں رملہ علی نے ایک طاقتور مکے سے امریکی حریف کو رنگ میں گرا دیا، تاہم کریپس نے مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے باقی راؤنڈز میں سخت مزاحمت کی۔
مقابلے کے اختتام پر دو ججوں نے رملہ علی کے حق میں 97-92 اور 96-93 پوائنٹس کا فیصلہ دیا، جبکہ تیسرے جج نے امریکی باکسر کو 98-91 پوائنٹس سے کامیاب قرار دیا۔ مقابلے کے اعداد و شمار کے مطابق کریپس نے مجموعی طور پر 115 کامیاب مکے لگائے، جبکہ رملہ علی کے کامیاب مکوں کی تعداد 78 رہی۔ اسی وجہ سے ججوں کے فیصلے پر باکسنگ کے حلقوں میں اختلاف بھی سامنے آیا۔
الجزیرہ کے مطابق کامیابی کے اعلان پر رملہ علی جذباتی ہوگئیں اور رنگ میں بیٹھ کر رونے لگیں۔ انہوں نے اپنی امریکی حریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دس راؤنڈز کے دوران انہیں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں باکسرز ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ تربیتی مشقیں بھی کر چکی ہیں اور مقابلے کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کے لیے احترام کا اظہار کیا۔
رملہ علی کا سفر جنگ سے متاثرہ صومالیہ سے شروع ہوا، جہاں سے ان کا خاندان 1992 میں خانہ جنگی کے باعث برطانیہ منتقل ہوگیا تھا۔ لندن میں پرورش پانے والی رملہ علی نے نوجوانی میں باکسنگ شروع کی اور بعد میں ٹوکیو اولمپکس میں صومالیہ کی نمائندگی کرنے والی پہلی باکسر بنیں۔ وہ انگلینڈ میں امیچور باکسنگ کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی مسلمان خاتون بھی رہ چکی ہیں۔
رملہ علی نے بتایا کہ ان کے والد رواں سال مئی میں انتقال کر گئے تھے اور عالمی ٹائٹل کے مقابلے سے قبل وہ انہیں بہت یاد کر رہی تھیں۔ کامیابی کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ صومالیہ کے عوام کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ ان کا سفر نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو بڑے خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرنے کا حوصلہ دے۔
رملہ علی باکسنگ کے علاوہ ماڈلنگ اور سماجی خدمات میں بھی سرگرم رہی ہیں اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف سے بطور سفیر وابستہ ہیں۔ ان کی زندگی سے متاثر ہو کر In the Shadows کے نام سے فلم بھی تیار کی گئی ہے، جس میں اداکارہ جیسمین جابسن مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ عالمی چیمپئن شپ میں یہ کامیابی ان کے پیشہ ورانہ باکسنگ کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔