عمر بڑھنے کو اکثر کمزوری، بیماری اور جسمانی صلاحیتوں میں کمی سے جوڑا جاتا ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر رسیدگی کے بارے میں منفی سوچ انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ بی بی سی کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑھتی عمر کے بارے میں مثبت رویہ رکھنے والے افراد خود کو زیادہ جوان محسوس کر سکتے ہیں اور ان کی زندگی کے معیار پر بھی اچھے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
عمر کی بنیاد پر کسی شخص کو کم تر سمجھنا، اس کی صلاحیتوں پر سوال اٹھانا یا اسے کسی کام کے لیے بہت بوڑھا قرار دینا عمر سے متعلق امتیازی رویہ (Ageism) کہلاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ رویہ نہ صرف دوسروں کے ساتھ ہمارے برتاؤ کو متاثر کرتا ہے بلکہ انسان اپنی عمر کے بارے میں منفی خیالات کو خود بھی قبول کرنے لگتا ہے۔ برطانیہ میں ہر تین میں سے ایک شخص کو عمر کی بنیاد پر تعصب یا امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ امریکا میں 50 سے 80 سال کی عمر کے 2 ہزار افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں 93 فیصد نے روزمرہ زندگی میں کسی نہ کسی قسم کے عمر سے متعلق امتیازی رویے کا تجربہ کرنے کی نشاندہی کی۔
کینیڈا کے میک ماسٹر انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ آن ایجنگ کے سائنسی ڈائریکٹر پرمندَر رائنا کے مطابق عمر بڑھنا کوئی تباہ کن عمل نہیں بلکہ جدید صحت عامہ کے نظام کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشرے میں عمر رسیدگی کو اکثر ایک مسئلے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ بڑی عمر کے بیشتر افراد اپنی روزمرہ زندگی خود گزارتے ہیں، کام کرتے ہیں اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2030 تک دنیا میں ہر چھ میں سے ایک شخص کی عمر 60 سال یا اس سے زیادہ ہوگی۔
ماہرین کے مطابق عمر کے بارے میں منفی خیالات انسان کی خود اعتمادی اور کارکردگی کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ بعض بزرگ افراد یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ وہ نئی مہارتیں نہیں سیکھ سکتے یا جدید ٹیکنالوجی استعمال نہیں کر سکتے، حالانکہ عمر بذاتِ خود ان کی صلاحیتوں کی حد مقرر نہیں کرتی۔ ماہرین اسے اس عمل سے جوڑتے ہیں جس میں انسان معاشرے کے منفی تصورات کو اپنے بارے میں سچ سمجھنے لگتا ہے۔ اس کے نتیجے میں وہ نئے مواقع سے دور رہنے لگتا ہے اور اس کی خود اعتمادی کم ہو سکتی ہے۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف کینٹ کی ماہر نفسیات ہنّا سوئفٹ کے مطابق اگر کسی شخص کو کسی کام سے پہلے اس کی عمر کا احساس دلا کر یہ تاثر دیا جائے کہ وہ نوجوانوں کے مقابلے میں کم بہتر کارکردگی دکھائے گا تو اس کے اندر پریشانی اور بے چینی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے اس کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر کے بارے میں منفی تصورات اکثر بچپن ہی سے خاندان، میڈیا اور معاشرتی ماحول کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں، اس لیے بچوں کو بھی عمر رسیدگی اور زندگی کے مختلف مراحل کے بارے میں مثبت انداز میں آگاہ کرنا ضروری ہے۔