خیبر پختونخوا میں ادویات کے معیار کی جانچ اور جعلی و غیر معیاری دواؤں کی روک تھام کے لیے پانچ جدید موبائل لیبارٹریاں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں آئندہ ہفتے سے صوبے کے مختلف علاقوں میں کام کریں گی۔
گورنر کی صحت اور آبادی سے متعلق مشیر نگار جوہر خان نے جمعے کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کا دورہ کیا اور جدید آلات سے لیس موبائل لیبارٹری وینز کا معائنہ کیا۔
حکام کے مطابق ان لیبارٹریوں میں جدید ایف ٹی آئی آر (FTIR) اور ریمن (Raman) ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جن کے ذریعے ادویات کی کیمیائی ساخت، اجزا اور مقررہ معیار کے مطابق طاقت کی ابتدائی جانچ موقع پر کی جا سکے گی۔
یہ موبائل لیبارٹریاں صوبے کے مختلف ڈویژنز میں تعینات ہوں گی، جہاں ڈرگ انسپکٹرز مارکیٹوں میں دستیاب ادویات کی جانچ کر سکیں گے۔ مشکوک یا غیر معیاری دوا کی نشاندہی ہونے پر اس کے نمونے مزید تفصیلی تجزیے کے لیے پشاور کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیجے جائیں گے۔
پانچوں موبائل لیبارٹریوں کا باقاعدہ افتتاح آئندہ منگل کو گورنر ہاؤس میں ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد ادویات کی نگرانی بہتر بنانا اور شہریوں تک محفوظ اور معیاری دواؤں کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد دینا ہے۔