پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے حکومت نے اقدامات تیز کر دئیے ، وزارت توانائی بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے ۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر حکومت نے پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کئے ہیں جن سے مجموعی طور پر 411 ارب روپے کی بچت ہو گی ، جبکہ معاہدوں کے ختم ہونے سے سالانہ بچت 70 ارب روپے بنے گی ۔ بگاس کے 8 پاور پلانٹس کا بھی ٹیرف تبدیل کئے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے جس سے اربوں روپے کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے بگاس کے 8 پاور پلانٹس کے ریٹ تبدیلی سے 238 ارب روپے بچائے جا سکیں گے ۔ بگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف کی تبدیلی سے سالانہ 8 ارب 83 کروڑ روپے بچت ہو گی ۔ 16 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی سے مجموعی طور پر 481 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے خاتمے یا تبدیلی کا فائدہ بجلی صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت بجلی بلوں پر عائد ٹیکسز کا بوجھ بھی کم کرنے پر غور کر رہی ہے ۔