برطانوی اداکار سر پیٹرک اسٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ ہالی وڈ کی مشہور فلمی سیریز ’ایکس مین‘ میں پروفیسر چارلس زیویئر اور ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن جین لوک پیکارڈ کے کردار سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے تھے۔ ان کے ترجمان نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
سر پیٹرک اسٹیورٹ کا انتقال بدھ کے روز امریکی شہر لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر ہوا، جہاں ان کی اہلیہ سنی اوزل ان کے ساتھ موجود تھیں۔ اہل خانہ کے بیان کے مطابق وہ الزائمر اور لیوی باڈی ڈیمینشیا کے مرض سے گزر رہے تھے۔ ان کے انتقال پر اہل خانہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاندان اور دوستوں کے درمیان موسیقی، دعاؤں اور محبت کے ماحول میں رخصت ہوئے۔
13 جولائی 1940 کو انگلینڈ کے علاقے یارکشائر کے قصبے میر فیلڈ میں پیدا ہونے والے پیٹرک اسٹیورٹ نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا۔ انہوں نے 1960 کی دہائی میں رائل شیکسپیئر کمپنی میں شمولیت اختیار کی اور شیکسپیئر کے متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا شمار برطانوی تھیٹر کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا تھا۔
انہیں عالمی شہرت 1987 میں ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن جین لوک پیکارڈ کا کردار ادا کرنے کے بعد ملی۔ یہ سیریز سات برس تک جاری رہی اور اس کے 176 اقساط میں انہوں نے مرکزی کردار نبھایا۔ بعد ازاں انہوں نے اسی کردار کو مختلف فلموں اور ٹی وی پروڈکشنز میں بھی دوبارہ پیش کیا۔
اسٹیورٹ نے 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایکس مین‘ سے پروفیسر چارلس زیویئر کا کردار ادا کرنا شروع کیا اور اس فلمی سلسلے کی متعدد فلموں میں نظر آئے۔ تھیٹر اور فلم کے علاوہ انہوں نے ٹیلی ویژن اور اینی میشن کے شعبے میں بھی کام کیا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 2010 میں برطانوی ملکہ الزبتھ دوم نے انہیں نائٹ کا خطاب دیا تھا۔
سر پیٹرک اسٹیورٹ کو اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جن میں دو لارنس اولیویئر ایوارڈز اور بچوں کے لیے بیانیہ ریکارڈنگ پر گریمی ایوارڈ بھی شامل ہیں۔ ان کے انتقال پر فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فلم ’ایکس مین‘ میں ان کے ساتھی اداکار ہیو جیک مین نے انہیں اسٹیج اور فلم کی دنیا کا ایک عظیم فنکار اور اپنا قریبی دوست قرار دیا۔