ازبکستان میں جدید اسمارٹ گرین ہاؤسز کے قیام پر اٹلی کی کمپنی سے مذاکرات

ازبکستان اور اٹلی نے زرعی پیداوار کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے اور فصلوں کی تیاری سے لے کر پیکنگ اور ترسیل تک مربوط نظام متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔ اس سلسلے میں اٹلی کی کمپنی پلانیٹ فارمز نے ازبکستان میں جدید اسمارٹ گرین ہاؤس کمپلیکس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ازبکستان کے وزیر زراعت ابراہیم عبدالرحمانوف نے روم میں ازبک سفارت خانے میں پلینیٹ فارمز کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ازبکستان کی وزارتِ زراعت کے مطابق، مجوزہ منصوبے کے تحت جدید گرین ہاؤسز کے ساتھ فصلوں کی چھانٹی، پیکنگ اور منڈیوں تک تیار مصنوعات پہنچانے کا مربوط نظام تیار کرنے پر غور کیا گیا۔

کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی اور زمین کے وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنے، کھاد کی کھپت کم کرنے اور کیڑے مار ادویات و جڑی بوٹیوں کو ختم کرنے والی ادویات کے بغیر معیاری زرعی مصنوعات تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مذاکرات میں پیداواری مراحل کو خودکار بنانے اور پیکنگ کے نظام کو ایک ہی کمپلیکس میں ضم کرنے کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔ اس طریقۂ کار کا مقصد زرعی پیداوار سے لے کر تیار مصنوعات کی پیکنگ تک مختلف مراحل کو مربوط بنانا ہے۔

دونوں فریقوں نے جدید گرین ہاؤسز کی تعمیر، زرعی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں