معروف انڈین اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال پر بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دنیا کا سب سے بڑا فنکار قرار دیا ہے۔ انیل کپور نے سوشل میڈیا پر اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور کہا کہ وہ نانا پاٹیکر کو زندگی بھر یاد کریں گے۔ نانا پاٹیکر 8 اکتوبر کو 75 برس کی عمر میں گوا میں دل کی حرکت بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق انیل کپور نے جمعرات کی شام انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں اداکار ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے چلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انیل کپور نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میرا دوست مجھے چھوڑ کر چلا گیا، پہلے ستیش اور اب میرا نانیا بھی چلا گیا۔ انہوں نے نانا پاٹیکر کو دنیا کا سب سے بڑا فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں زندگی میں، فلم کے سیٹ پر، فون پر ہونے والی گفتگو میں اور بڑی سکرین پر بہت یاد کریں گے۔ انیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے بھی اس پوسٹ پر والد سے تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ان کے والد نانا پاٹیکر سے کتنا پیار کرتے تھے۔
انیل کپور اور نانا پاٹیکر کی دوستی انڈین فلم انڈسٹری میں خاص اہمیت رکھتی تھی۔ دونوں نے فلم ’ویلکم‘ میں مجنو بھائی اور اُدے شیٹی کے کردار ادا کیے، جنہیں شائقین آج بھی یاد کرتے ہیں۔ تاہم ان کے تعلقات ہمیشہ خوش گوار نہیں رہے۔ 1989 کی فلم ’پرندہ‘ کی تیاری کے دوران دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ نانا پاٹیکر نے 2024 میں ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ ابتدا میں وہ جیکی شروف والا کردار ادا کرنے والے تھے اور اس کردار کے لیے تقریباً چھ ماہ تیاری بھی کی تھی، لیکن بعد میں انہیں فلم سے الگ کر دیا گیا۔
نانا پاٹیکر کے مطابق انہوں نے برسوں بعد انیل کپور سے مذاق میں پوچھا تھا کہ کیا انہوں نے ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا سے انہیں فلم سے نکالنے کے لیے کہا تھا۔ نانا کے بقول انیل کپور نے ہنستے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں خدشہ تھا کہ اس کردار سے نانا بڑے ستارے بن جائیں گے۔ تاہم کچھ ماہ بعد ہدایت کار نے نانا پاٹیکر کو فلم میں ’انا‘ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ نانا پاٹیکر نے بتایا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے اور انیل کپور کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے اور دونوں ایک دوسرے کے قریبی دوست بن گئے۔
اسی انٹرویو میں نانا پاٹیکر نے اپنی دوستی کے دلچسپ پہلو بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ فون پر انیل کپور کو ’انیا‘ کہتے تھے، جبکہ انیل انہیں ’نانیا‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ نانا نے انیل کپور کی فلم ’اینیمل‘ میں اداکاری کو بھی سراہا تھا۔ انیل کپور کے حالیہ جذباتی پیغام سے دونوں اداکاروں کے درمیان برسوں پرانی دوستی کی جھلک سامنے آئی ہے، جبکہ نانا پاٹیکر کے انتقال پر انڈین فلم انڈسٹری کے متعدد فنکاروں نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔