بالی ووڈ اداکار اور مارشل آرٹس کے ماہر ودیوت جموال نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران تقریباً 15 منٹ تک سانس روک کر اور پلکیں جھپکائے بغیر مراقبہ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ودیوت جموال نے پیر کو ممبئی میں فلم ’Street Fighter‘ سے متعلق ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران انھوں نے اسٹیج پر تقریباً 15 سے 16 منٹ تک اپنی سانس روکے رکھی اور آنکھیں جھپکائے بغیر ساکت بیٹھے رہے۔ طویل وقت تک آنکھیں کھلی رکھنے کے باعث ان کی آنکھوں میں آنسو بھی دکھائی دیے۔
ودیوت جموال نے مظاہرے کے بعد بتایا کہ انھوں نے اس کے لیے ’پتانجلی یوگا سوتر‘ سے منسوب ایک تکنیک استعمال کی۔ ان کے مطابق اس مشق نے انھیں زندگی میں مختلف اہداف حاصل کرنے میں مدد دی ہے اور وہ نوجوانوں کو بھی یہ تکنیک سکھاتے ہیں۔
تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جہاں متعدد صارفین نے ودیوت جموال کے جسمانی کنٹرول اور نظم و ضبط پر حیرت کا اظہار کیا۔ ودیوت جموال مارشل آرٹس، بالخصوص کلاری پائیتو، میں مہارت کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔
ودیوت جموال جلد ہالی ووڈ فلم ’Street Fighter‘ سے ڈیبیو کرنے والے ہیں، جس میں وہ یوگا ماسٹر اور فائٹر ’دھالسِم‘ کا کردار ادا کریں گے۔ فلم بھارت میں 16 اکتوبر کو انگریزی، ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔