مائیکروسافٹ کا Nvidia کی چپس سے لیس نیا AI لیپ ٹاپ متعارف کرانے کا اعلان

مائیکروسافٹ Nvidia کی چپس سے لیس نیا مصنوعی ذہانت کا لیپ ٹاپ متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت سے متعلق پیچیدہ کاموں کو کلاؤڈ کے بجائے براہِ راست ذاتی کمپیوٹر پر انجام دینے کی صلاحیت فراہم کرنا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ نڈیلا اور Nvidia کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ سان فرانسسکو میں ہونے والی تقریب میں نئے ’Surface Laptop Ultra‘ کو متعارف کرائیں گے۔ توقع ہے کہ یہ لیپ ٹاپ Nvidia کی RTX Spark چپس سے لیس ہوگا، جن کا اعلان رواں سال جون میں کیا گیا تھا۔

نئے لیپ ٹاپ کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظاموں کو کمپیوٹر کوڈ لکھنے اور پیچیدہ کاروباری منصوبوں سے متعلق کام براہِ راست ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر انجام دینے کے قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس طرح بعض ایسے کام، جو اس وقت مائیکروسافٹ کے Azure کلاؤڈ ڈیٹا سینٹرز میں کیے جاتے ہیں، طاقتور ونڈوز کمپیوٹرز پر منتقل کیے جا سکیں گے۔

رائٹرز کے مطابق مائیکروسافٹ اور Nvidia کے لیے ایک اہم چیلنج یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پیچیدہ کام خود انجام دینے والے مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو ذاتی کمپیوٹرز پر محفوظ طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔ اس شعبے میں ایپل بھی اپنے نئے میک کمپیوٹرز کے ذریعے کام کر رہا ہے۔

تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق مصنوعی ذہانت سے لیس نئے کمپیوٹرز کے لیے سب سے بڑا سوال ان کی قیمت ہے۔ میموری چپس کی قلت کے باعث ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ Nvidia نے بھی حالیہ ہفتوں میں اپنے DGX Spark مصنوعی ذہانت کے ڈیسک ٹاپ کی قیمت تقریباً 75 فیصد بڑھا کر 6,950 ڈالر کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں