جاپانی اولمپک کمیٹی کی صدر سیکو ہاشیموتو نے اعتراف کیا ہے کہ ایشین گیمز میں توقع سے کہیں زیادہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کے باعث رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف انتظامی مسائل پیدا ہوئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپان کے آئچی-ناگویا میں جاری ایشین گیمز میں متعدد ٹیموں نے شکایت کی کہ وہاں پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے کافی کمرے دستیاب نہیں تھے۔
گیمز کے آغاز سے قبل مقامی منتظمین نے تقریباً 15 ہزار کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کا اندازہ لگایا تھا، جبکہ اولمپک کونسل آف ایشیا نے شرکا کی تعداد 17 ہزار سے زیادہ بتائی تھی۔
سیکو ہاشیموتو نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیمز میں توقع سے زیادہ افراد آئے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے رہائش کا انتظام کرنا مشکل تھا، جس کے باعث کھلاڑیوں کو بعض مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اخراجات کم کرنے کے لیے مقامی منتظمین نے ان ایشین گیمز کے لیے مخصوص ایتھلیٹس ولیج تعمیر نہیں کیا تھا۔ اس کے بجائے شرکا کو عارضی لکڑی کے کنٹینرز، ناگویا کی بندرگاہ پر موجود ایک کروز شپ اور مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا۔
19 ستمبر کو گیمز کے آغاز کے بعد منتظمین کو انتظامی معاملات پر تنقید کا بھی سامنا رہا۔ کھلاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مختص بسوں سے متعلق متعدد مسائل سامنے آئے، جن میں بسوں کا وقت پر نہ پہنچنا اور کھلاڑیوں کو مقابلوں کے مقامات تک پہنچانے میں مشکلات شامل تھیں۔
بعض ٹیموں کا کہنا تھا کہ ناگویا پہنچنے کے بعد انھیں ایئرپورٹ پر چھ گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔
گیمز میں شائقین کی حاضری بھی یکساں نہیں رہی۔ چند کھیلوں کے مقابلوں میں شائقین کی اچھی تعداد موجود تھی، تاہم افتتاحی تقریب سمیت متعدد ایونٹس کے دوران ہزاروں نشستیں خالی رہیں۔
سیکو ہاشیموتو نے کہا کہ کئی روز کی بارش اور طوفان کے خطرے سمیت موسمی حالات نے بھی گیمز کے انعقاد کو بعض مواقع پر مشکل بنایا۔ تاہم انھوں نے ٹرانسپورٹ کے مسائل کا اعتراف کیا اور بعض کھیلوں میں شائقین کی کم حاضری پر مایوسی کا اظہار کیا۔
ان کے مطابق ایشین گیمز کا تجربہ مستقبل میں جاپان کی جانب سے بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے اہم سبق ثابت ہوگا۔
سیکو ہاشیموتو کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بہتری کے لیے گیمز کے انتظامات کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 19 ستمبر کو شروع ہوئے تھے اور ان کا اختتام اتوار کو ہوگا۔