پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوگلو نے انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال چیئرپرسن ایمبیسڈر (ر) فرخ امل اور ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان نے کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دانشورانہ املاک کے حقوق کے فروغ اور اقتصادی ترقی میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔ ترکیہ کے سفیر نے ٹریڈ مارک، پیٹنٹ، اور کاپی رائٹ کے تحفظ کے ممکنہ تعاون پر زور دیتے ہوئے اس شعبے میں مشترکہ کام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
عرفان نذیر اوگلو نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے، جس سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
آئی پی او پاکستان کے عہدیداروں نے سفیر کو آگاہ کیا کہ ادارہ دانشورانہ املاک کے حقوق کی آگاہی، تربیت، اور اندراج میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ سفیر نے ان کوششوں کو سراہا اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔