کوئٹہ میں بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین سروس کا آغاز

کوئٹہ میں شہریوں کے لیے کم لاگت سفری سہولت کا نیا منصوبہ شروع ہوگیا، جہاں سریاب سے کچلاک تک ’جناح پیپلز ٹرین‘ سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

سروس کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کیا۔ یہ ٹرین تقریباً 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک پر چلائی جائے گی اور راستے میں 7 اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

دو بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں بیک وقت 198 مسافروں کے بیٹھنے جبکہ مزید 30 افراد کے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ٹرین کا کرایہ 50 سے 100 روپے کے درمیان ہوگا، جبکہ بزرگ اور معذور شہری مفت سفر کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

جناح پیپلز ٹرین کا مقصد کوئٹہ کے شہریوں کو محفوظ اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق مستقبل میں اس سروس کو بوستان سے مستونگ تک توسیع دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں