پاکستانی اداکار احد رضا میر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اگلے سال شوبز سے ایک طویل وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے بعد ان کے مداحوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں اداکار کو مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ احد رضا میر نے بتایا کہ وہ اپنے فیصلے سے مداحوں کو پہلے ہی آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ان کی غیر موجودگی کے لیے تیار رہیں۔
اداکار کے مطابق وہ وقفے کے دوران مکمل طور پر منظر سے دور رہیں گے، خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا سے بھی فاصلہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کو ’نیم ریٹائرمنٹ‘ سے تعبیر کیا۔
اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ کچھ صارفین نے اسے ممکنہ شادی سے جوڑا، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برس سے مسلسل کام کرنے کے بعد اداکار شاید ذاتی زندگی کے لیے وقت نکالنا چاہتے ہیں۔
احد رضا میر نے ’یقین کا سفر‘، ’عہدِ وفا‘، ’یہ دل میرا‘، ’میم سے محبت‘ اور ’ہم تم‘ سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔ حالیہ عرصے میں وہ گرین ٹی وی کے ڈرامے ’ایک محبت اور‘ میں ہارون ملک کے کردار میں نظر آئے، جبکہ ان دنوں یمنیٰ زیدی کے ساتھ ’کیفِ فراق‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
تاہم اداکار نے اپنے وقفے کی حتمی وجہ بیان نہزں کی، اس لیے شادی یا دیگر ذاتی وجوہات سے متعلق سوشل میڈیا قیاس آرائیوں کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔