اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل کی دوڑ میں ریبیکا گرینسپین پھر آگے

اقوام متحدہ کی آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے لیے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ تازہ غیر رسمی پول میں سابق کوسٹا ریکن نائب صدر ریبیکا گرینسپین نے ایک بار پھر سب سے زیادہ حمایت حاصل کرلی۔

15 رکنی سلامتی کونسل میں منگل کو ہونے والے چوتھے خفیہ پول کے نتائج کے مطابق گرینسپین کو 10 ارکان نے ’حوصلہ افزائی‘ کا ووٹ دیا، 3 ارکان نے ’حوصلہ شکنی‘ کی جبکہ 2 ارکان نے کوئی رائے ظاہر نہیں کی۔

گرینسپین اس انتخابی عمل کے ابتدائی مراحل میں بھی مسلسل نمایاں رہی ہیں۔ جولائی اور ستمبر میں ہونے والے پہلے اور تیسرے غیر رسمی پولز میں وہ معمولی برتری کے ساتھ سرفہرست تھیں، جبکہ اگست کے پول میں گیانا کی اقوام متحدہ میں سفیر کیرولین روڈریگز برکٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

تازہ پول میں روڈریگز برکٹ کو 8 ارکان کی جانب سے ’حوصلہ افزائی‘ جبکہ 6 کی جانب سے ’حوصلہ شکنی‘ کا سامنا کرنا پڑا، ایک رکن نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

اقوام متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی بھی اس دوڑ کے اہم امیدواروں میں شامل ہیں۔ انہیں تازہ پول میں 8 ’حوصلہ افزائی‘ اور 7 ’حوصلہ شکنی‘ کے ووٹ ملے۔

یہ غیر رسمی پول نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی شرکت کے بعد منعقد ہوا، تاہم سیکریٹری جنرل کے انتخاب کا حتمی فیصلہ سلامتی کونسل کی سفارش اور جنرل اسمبلی کی منظوری کے ذریعے ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں