امریکی ریاست کیلیفورنیا نے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو باقاعدہ ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کرلیا ہے، جس کے بعد کیلیفورنیا امریکا کی دوسری ریاست بن گئی ہے جہاں دونوں بڑی اسلامی عیدوں کو ریاستی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے پیر کے روز اس قانون پر دستخط کیے۔ اس سے قبل ریاست واشنگٹن نے 2025 میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
قانون کے مطابق عیدین کو ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ سرکاری دفاتر، عدالتیں، اسکول یا نجی کاروبار لازمی طور پر بند ہوں گے۔ تاہم کیلیفورنیا کے سرکاری ملازمین عید کے موقع پر پہلے سے دستیاب تنخواہ کے ساتھ چھٹی استعمال کرسکیں گے۔
اسی طرح سرکاری اسکولوں کے طلبہ عید منانے کے لیے غیر حاضر ہونے کی صورت میں ریاستی قانون کے تحت اجازت حاصل کرسکیں گے۔ مقامی اسکول ڈسٹرکٹس اپنی کمیونٹی کی ضروریات اور مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے عید کے موقع پر پورے ڈسٹرکٹ میں چھٹی کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔
تاہم ریاست بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے لیے عید کے موقع پر ایک ہی دن تعطیل لازمی قرار نہیں دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں 10 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں۔ عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کیے جانے کو مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم علامتی اور انتظامی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ اس اقدام کے بعد اسلامی تہواروں کو ریاستی سرکاری کیلنڈر میں باضابطہ طور پر جگہ مل گئی ہے۔