ہُرون انڈیا رچ لسٹ 2026 کے مطابق بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان بھارت کے امیر ترین اداکار برقرار ہیں۔ تازہ فہرست میں ان کی مجموعی دولت تقریباً 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے، جس کے ساتھ وہ دیگر بڑے اداکاروں سے واضح طور پر آگے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی دولت کا بڑا حصہ ان کے فلمی کیریئر کے ساتھ ساتھ مختلف کاروباری منصوبوں سے جڑا ہوا ہے، جن میں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس شامل ہیں۔
فہرست میں امیتابھ بچن تقریباً 4 ہزار کروڑ روپے کی دولت کے ساتھ شاہ رخ خان کے بعد موجود ہیں۔ سلمان خان کی دولت تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے جبکہ ریتک روشن کی مجموعی دولت تقریباً 2 ہزار 500 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اگرچہ شاہ رخ خان اب بھی بھارتی اداکاروں میں پہلے نمبر پر ہیں، تاہم ان کی دولت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 2025 کی ہُرون انڈیا رچ لسٹ میں ان کی دولت تقریباً 12 ہزار 490 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، یعنی ایک سال میں اندازاً 2 ہزار 490 کروڑ روپے کی کمی سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز میں جاری ہونے والی ہُرون گلوبل رچ لسٹ میں شاہ رخ خان کی دولت تقریباً 10 ہزار 800 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جبکہ تازہ بھارتی فہرست میں یہ تخمینہ 10 ہزار کروڑ روپے ہے۔
2026 کی فہرست میں سلمان خان پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں، جبکہ اداکارہ جوہی چاؤلہ اور فلم ساز کرن جوہر، جو گزشتہ سال کی فہرست میں موجود تھے، اس مرتبہ شامل نہیں ہیں۔