پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر، وزیراعظم کا اظہارِ تشکر

پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ اضافہ معاشی ٹیم کی مسلسل محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات میں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی عالمی سطح پر ملکی معیشت پر اعتماد کی بحالی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ملک کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا اور عالمی معاشی مشکلات سے نمٹنے کی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستحکم معاشی پوزیشن پاکستان میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومتی معاشی ٹیم اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یورو بانڈز کی رقوم موصول ہونے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں، جبکہ سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں