ازبکستان کے تاریخی شہر خیوا میں خوارزم کے روایتی کھانوں پر مبنی دوسرا بین الاقوامی گیسٹرونامک فیسٹیول 19 اور 20 ستمبر کو آردا خیوا ٹورسٹ کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔
’’خوارزم کے خانوں کے قومی پکوان‘‘ کے عنوان سے ہونے والے اس فیسٹیول میں مقامی اور غیر ملکی مہمانوں کو خطے کے روایتی کھانوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
فیسٹیول میں خوارزم کے ایسے قدیم اور منفرد پکوان بھی پیش کیے جائیں گے جو ماضی میں شاہی محل کے باورچی خانوں میں خانوں کے لیے تیار کیے جاتے تھے۔ شرکا نہ صرف ان پکوانوں کو چکھ سکیں گے بلکہ ماہر باورچیوں کو روایتی طریقوں سے ان کی تیاری کرتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گے۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کے ذریعے خوارزم کے صدیوں پرانے قومی کھانوں، قدیم ترکیبوں اور ماہر باورچیوں کی فنی مہارت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے دوران کھانا پکانے کے مقابلے بھی ہوں گے، جس میں ہر شریک کی کارکردگی کا جائزہ ماہر اور مستند ججز لیں گے۔
مقابلے کے فاتحین کے لیے مجموعی طور پر 12 کروڑ ازبک سوم کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 6 کروڑ سوم، دوسری پوزیشن کے امیدوار کو 4 کروڑ سوم جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 2 کروڑ سوم دیے جائیں گے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’خوارزم کے خانوں کے قومی پکوان‘‘ فیسٹیول کا مقصد خطے کی منفرد غذائی اور ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ گیسٹرونومک ٹورازم کو فروغ دینا بھی ہے۔