امریکی حکام کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات اور سفارتی مشنز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں 28 فروری سے 30 جون تک کے واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عراق، عمان اور اردن میں متعدد امریکی فوجی عمارات کو نقصان پہنچا، جبکہ دفاعی گولہ بارود اور میزائلوں کے ذخائر میں بھی کمی واقع ہوئی۔ امریکی سفارتی مشنز کو مجموعی طور پر 184 ملین ڈالر کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی مرکز کو نقصان پہنچنے کے بعد بحرِ ہند میں واقع ڈیگو گارسیا کو سمندری لاجسٹکس کے اہم مرکز کے طور پر استعمال کیا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران اور اس کی حامی فورسز کے حملوں کے پیشِ نظر اپنے اہلکاروں، فوجی اثاثوں اور ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو بھی مختلف مقامات پر منتقل کیا۔ اس دوران عراق اور کویت سے طبی انخلا کیلئے استعمال ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر بھی واپس بلائے گئے۔