واشنگٹن: امریکہ میں بین الاقوامی طلبہ کے لیے امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلی نافذ ہوگئی ہے، جس کے تحت F-1 ویزا رکھنے والے طلبہ کو اب “Duration of Status” کے بجائے مقررہ مدت کے لیے قیام کی اجازت دی جائے گی۔
نئے قواعد کے تحت طلبہ کو ان کے Form I-20 پر درج تعلیمی پروگرام کی مدت کے مطابق، زیادہ سے زیادہ چار سال تک امریکہ میں رہنے کی اجازت ہوگی۔ پروگرام یا منظور شدہ OPT/STEM OPT مکمل ہونے کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے 30 دن کا وقت دیا جائے گا۔
اگر کسی طالب علم کو ڈگری مکمل کرنے، نیا پروگرام شروع کرنے یا OPT کے لیے اضافی وقت درکار ہو تو اسے USCIS سے قیام میں توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔
تاہم 15 ستمبر 2026 کو پہلے سے امریکہ میں موجود F-1 طلبہ کو فوری طور پر نئی درخواست دینے یا ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔ وہ عبوری قواعد کے تحت اپنے موجودہ پروگرام یا OPT کی مدت تک قیام جاری رکھ سکیں گے۔
اہم تبدیلی بین الاقوامی سفر سے متعلق ہے۔ 15 ستمبر کے بعد امریکہ سے باہر جانے والے طلبہ واپسی پر نئے مقررہ مدت کے نظام کے تحت داخل ہوسکتے ہیں، اس لیے انہیں اپنے Form I-94 اور قیام کی آخری تاریخ ضرور چیک کرنا ہوگی۔
ہارورڈ، ییل، کولمبیا، کارنیل اور اسٹینفورڈ سمیت بڑی امریکی جامعات نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر یا امیگریشن درخواست سے پہلے اپنے یونیورسٹی کے بین الاقوامی طلبہ کے دفتر سے رہنمائی حاصل کریں۔
نئے قواعد J-1 ایکسچینج پروگرام کے شرکا اور بعض غیر ملکی میڈیا نمائندوں پر بھی لاگو ہوں گے۔