جنوبی افریقہ میں تین گاڑیوں کے تصادم سے 21 افراد جاں بحق

جنوبی افریقہ کے صوبہ ویسٹرن کیپ میں دو منی بس ٹیکسیوں اور ایک ایس یو وی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہو گئے۔

بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ کیپ ٹاؤن سے تقریباً 380 کلومیٹر شمال مشرق میں لیو گامکا اور پرنس البرٹ کے درمیان ایک شاہراہ پر پیش آیا۔

روڈ ٹریفک مینجمنٹ کارپوریشن کے مطابق حادثے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق تصادم اتوار کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا، جس کے بعد شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد غفلت کے باعث ہلاکتوں کے مقدمے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جنوبی افریقہ میں سڑکوں کا نیٹ ورک براعظم کے ترقی یافتہ ترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے، تاہم وہاں سڑک حادثات میں ہلاکتوں کی شرح اب بھی زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق تیز رفتاری، لاپرواہ ڈرائیونگ، ناقص گاڑیاں اور سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنا بڑے اسباب میں شامل ہیں۔

روڈ ٹریفک مینجمنٹ کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں جنوبی افریقہ میں سڑک حادثات کے باعث 11 ہزار 485 افراد ہلاک ہوئے تھے، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں پانچ فیصد سے زائد کم تعداد تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد پیدل چلنے والوں کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں