بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد خواتین اداکاراؤں کے لیے فلم انڈسٹری کا رویہ بدل رہا ہے اور اب انہیں صرف ماں بننے کی وجہ سے کام یا اچھے کرداروں سے محروم نہیں کیا جا رہا۔
پرینیتی چوپڑا نے اپنی نئی نیٹ فلکس سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر کہا کہ ماں بننے کے بعد کسی فلم ساز، ہدایت کار یا مصنف نے ان کے ساتھ کرداروں کے حوالے سے مختلف رویہ اختیار نہیں کیا۔
پرینیتی کا کہنا تھا کہ ناظرین اب ماں بننے والی اداکاراؤں کو مسترد نہیں کرتے اور یہی تبدیلی فلم سازوں اور مصنفین کو ایسی اداکاراؤں کے ساتھ کام جاری رکھنے کا موقع دے رہی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں ایک نسل کی اداکاراؤں کو شادی اور بچوں کے بعد اپنے کیریئر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے عالیہ بھٹ، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ نسل کی اداکارائیں ماں بننے کے باوجود اسی معیار کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، بلکہ ان کے خیال میں وہ اب پہلے سے بھی بہتر کام کر رہی ہیں۔
پرینیتی نے کہا کہ ماں بننے سے ان کے اداکاری کے عزائم یا کرداروں کے انتخاب میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ چاہتی ہیں کہ اسکرین پر اپنے بیٹے کے لیے اپنا بہترین روپ پیش کریں اور ذاتی زندگی کو اپنے پیشہ ورانہ فیصلوں پر حاوی نہ ہونے دیں۔
انہوں نے اپنے شوہر راگھو چڈھا کے ساتھ بچے کی پرورش کے بارے میں بھی بتایا کہ دونوں نے ذمہ داریاں برابر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب پرینیتی کام پر ہوتی ہیں تو راگھو بچے کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور جب راگھو مصروف ہوں تو وہ یہ ذمہ داری سنبھالتی ہیں۔