پاکستان کا ایران کے پرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت کا اعادہ: ایرانی میڈیا کا دعویٰ

ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کے تحت ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی حاصل کرنے اور استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران کے جوہری حقوق سے متعلق پاکستان کا مؤقف پہلے سے واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے میں ایران سے متعلق ایک قرارداد پر امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے حمایت کی۔ پاکستانی ترجمان نے تاہم اس مخصوص سفارتی اقدام پر مزید رائے دینے سے گریز کیا۔

ارنا کے مطابق بریفنگ میں یمن کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ سجاد حیدر نے اس رپورٹ کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے یمن کے معاملے پر ایران کو کوئی پیغام پہنچایا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون دفاعی نوعیت کا ہے اور اس فریم ورک میں کسی نئے ملک کو شامل کرنے سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یمن کے بارے میں پاکستانی مؤقف بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے، یمنی بحران کے سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو اہم سمجھتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں