خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 98 کیسز رپورٹ

خیبر پختونخوا میں رواں ہفتے ڈینگی کے 98 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو گزشتہ 34 ہفتوں کے دوران ایک ہفتے میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ گزشتہ ہفتے صوبے میں ڈینگی کے 87 کیسز رپورٹ ہوئے تھے
۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے سب سے زیادہ 41 کیسز کوہاٹ میں سامنے آئے، جبکہ پشاور میں 33 اور بنوں میں 10 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ صوبے کے دیگر متاثرہ اضلاع میں کیسز کی تعداد 10 سے کم رہی۔

رواں سال اب تک خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے 581 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مجموعی طور پر پشاور 220 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جبکہ کوہاٹ میں اب تک 209 اور بنوں میں 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی لاروا کی نگرانی جاری ہے۔ اب تک 2 لاکھ 11 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا گیا، جن میں 529 گھروں میں لاروا پایا گیا جسے تلف کر دیا گیا۔ مختلف مقامات پر لاروا کی موجودگی کے بعد کیمیکل اسپرے بھی کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرم اور مرطوب موسم مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ہے اور ڈینگی کے زیادہ پھیلاؤ کا موسم اکتوبر کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے۔ صوبے بھر میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے صحت کارکن بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق فی الحال صورتحال قابو میں ہے اور رواں سال اب تک ڈینگی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران صوبے میں ایک ہزار سے زیادہ کیسز اور چار اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں